آئی سی سی ورکشاپ، 2027 سے 2031 کے کرکٹ شیڈول پر غور

آئی سی سی ورکشاپ، 2027 سے 2031 کے کرکٹ شیڈول پر غور

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک

دبئی( سپورٹس ڈیسک)دبئی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ آج سے شروع ہورہی ہے، جس میں 2027 سے 2031 تک کے مستقبل کے دورہ جاتی پروگرام پر اہم مشاورت متوقع ہے۔آئی سی سی کا موجودہ مستقبل کے دورہ جاتی پروگرام کا دور مارچ 2027 میں ختم ہوگا، تاہم مختلف ممالک کے مصروف شیڈول کے باعث نئے پروگرام کو حتمی شکل دینے میں وقت لگنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ہفتے ہونے والے اجلاسوں میں متعدد معاملات پر پیش رفت ہوگی، جبکہ مکمل پروگرام کا اعلان نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس سے قبل متوقع نہیں۔نئے دور میں مکمل رکن ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کی تعداد بڑھانے جبکہ دوطرفہ ایک روزہ میچز کم کرنے کی تجاویز زیرغور ہیں۔ تاہم ایک روزہ عالمی کپ کی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے تین یا چار ملکی سیریز کے ذریعے 50 اوورز کی کرکٹ کو فروغ دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اہم دوطرفہ سیریز کا خاکہ پہلے ہی طے ہے، جبکہ ایشیز 2027، 2029-30 اور 2031 میں کھیلی جائے گی۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی شیڈول ہیں۔2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی واپسی بھی بین الاقوامی شیڈول ترتیب دینے میں اہم چیلنج ہوگی۔دوسری جانب عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کی شمولیت سمیت مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے مزید فراہم کنندگان کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔