ہاکی انڈیا نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی
لاہور( سپورٹس ڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ہاکی انڈیا نے پاکستان کی جانب سے میچز غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے مقابلے کسی غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں یا پھر پوری چیمپئنز ٹرافی بھارت کے بجائے کسی دوسرے ملک میں منعقد کی جائے۔بھارتی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں ہی منعقد ہوگی اور پاکستانی ٹیم کو بھی بھارت آکر کھیلنا ہوگا۔بھارتی مؤقف کے مطابق اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو پہلے سے اعلان کردہ متبادل ٹیم کو شامل کرلیا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دو روز قبل بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن نے تاحال اس معاملے پر اپنا باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔