وزن پر تنقید سے دلبرداشتہ وینا ملک لائیو شو میں رو پڑیں

وزن پر تنقید سے دلبرداشتہ وینا ملک لائیو شو میں رو پڑیں

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک)معروف اداکارہ وینا ملک اپنی جسمانی ساخت اور بڑھتے ہوئے وزن پر کی جانے والی تنقید سے دلبرداشتہ ہو کر لائیو ٹی وی شو کے دوران آبدیدہ ہو گئیں اور جذباتی انداز میں سب کے سامنے اپنا میک اپ بھی اتار دیا۔تفصیلات کے مطابق ٹی وی اسکرین پر واپسی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی ظاہری شخصیت اور وزن کے حوالے سے طنز و تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے وینا ملک نے براہِ راست پروگرام کے دوران اپنا میک اپ صاف کیا اور اونچی ہیل والے جوتے اتار کر رکھ دیے۔ انہوں نے شدید جذباتی انداز میں سوال اٹھایا کہ ہاں، میرا وزن بڑھ گیا ہے اور قد بھی کم ہے، لیکن کیا محض اس وجہ سے میری شخصیت اور پہچان ختم ہو گئی ہے؟ کیا میں نے آج تک شوبز میں جو کام کیا اس کی کوئی حیثیت نہیں رہی؟اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین پر ہر وقت خوبصورت نظر آنے کا غیر ضروری دباؤ اور ان کی ظاہری شکل و صورت پر کی جانے والی تنقید ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کرتی ہے، جبکہ تنقید کرنے والوں کو یہ علم تک نہیں ہوتا کہ سامنے والا کن مشکلات، تکالیف اور تلخ تجربات سے گزر رہا ہے۔وینا ملک نے مزید کہا کہ عمر کا بڑھنا ایک فطری عمل ہے اور خواتین وقت کے ساتھ آنے والی جسمانی تبدیلیوں کو قبول کرتے ہوئے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تضحیک اور طعنے خواتین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، لہٰذا معاشرے کو چاہیے کہ خواتین کی ظاہری شخصیت پر تنقید کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرے۔