اداکاری کے بعد رنبیر کپور کا ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے اداکاری کے بعد اب ہدایتکاری کے میدان میں بھی قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں اپنی پہلی فلم کی تیاری کا آغاز بھی کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ آئندہ دو سے تین برسوں کے دوران بطور ہدایتکار اپنی پہلی فلم کی عکسبندی شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے اس فلم کے اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں اور کہانی لکھنے کا یہ مرحلہ ان کے لیے خاصا مشکل لیکن انتہائی دلچسپ ثابت ہو رہا ہے۔اپنے اس نئے پراجیکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی ڈرامہ فلم تخلیق کرنا چاہتے ہیں جو شائقین کے دلوں پر خوشگوار اور دیرپا اثر چھوڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہدایتکاری کا باقاعدہ آغاز کرنے سے قبل وہ اپنے تمام زیرِ تکمیل اداکاری کے منصوبے مکمل کریں گے، جبکہ بطور ہدایتکار اپنی پہلی فلم میں وہ خود اداکاری کے جوہر نہیں دکھائیں گے۔