پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کا جی ٹی اے ورژن سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کا جی ٹی اے ورژن سوشل میڈیا پر وائرل

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان کے مقبول ڈرامے ’درِ نجات‘ کو مشہور ویڈیو گیم جی ٹی اے 6 (GTA 6) کے انداز میں ڈھال کر پیش کی جانے والی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل کریئیٹر فیصل رفیق نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ڈرامے کے مرکزی کرداروں ابوبکر، زامل اور زریاب کو جی ٹی اے 6 کی ورچوئل دنیا میں پیش کیا ہے۔ اس تخلیقی ویڈیو میں ڈرامے کی کہانی کے اہم موڑ، جن میں دھوکا، اچانک نکاح، پولیس کا تعاقب اور محبت جیسے عناصر شامل ہیں، کو خالصتاً ایک ویڈیو گیم کے مشنز کے انداز میں فلمایا گیا ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ اگر ’درِ نجات‘ جی ٹی اے 6 گیم ہوتا تو کچھ ایسا دکھائی دیتا۔اس منفرد کاوش پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک صارف نے اسے ’جی ٹی اے 6: درِ نجات‘ کا نام دیا جبکہ دوسرے نے ازراہِ تفنن لکھا کہ کم از کم اس ڈرامے کو تو جی ٹی اے 6 سے بخش دیتے۔ کئی صارفین نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصل ڈرامے کے بجائے اس کا گیمنگ ورژن کھیلنا یا دیکھنا زیادہ پسند کریں گے، جبکہ بعض صارفین کا ماننا ہے کہ ویڈیو کے گرافکس جی ٹی اے 6 کے بجائے جی ٹی اے 5 سے زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔