پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک کے درمیان موسمیاتی بحالی منصوبے کے لیے معاہدہ

4 گھنٹے قبل
پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک کے درمیان موسمیاتی بحالی منصوبے کے لیے معاہدہ

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) حکومت پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک (ای آئی بی) کے درمیان موسمیاتی استحکام اور بحالی کے حوالے سے ایک اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ترجمان اقتصادی امور کے مطابق معاہدے کے تحت ای آئی بی سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن منصوبے کے لیے 100 ملین یورو فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 1.9 ارب یورو ہے، جس کے تحت سندھ میں ایک لاکھ سولہ ہزار سے زائد رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے سے صوبے کے دیہی علاقوں کے تقریباً چالیس فیصد گھرانے مستفید ہوں گے۔معاہدے پر دستخط پاکستان یورپی یونین بزنس فورم کے موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی سرمایہ کاری بینک کے ایک سینئر عہدیدار نے کیے۔ تقریب میں یورپی یونین کے سفیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔حکام نے اس معاہدے کو پاکستان اور یورپی اداروں کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور متاثرہ آبادی کی بحالی کے لیے تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔