ایرانی ریال تاریخی گراوٹ کا شکار، ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا

4 گھنٹے قبل
ایرانی ریال تاریخی گراوٹ کا شکار، ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا

تہران( کامرس ڈیسک) ایران کی قومی کرنسی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں مزید گراوٹ کا شکار ہو کر 18 لاکھ فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس سے ملک کی پہلے سے کمزور معیشت پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ماہرین کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی کے باعث ایران میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس سے خوراک، ادویات، الیکٹرانکس اور دیگر درآمدی اشیا کی قیمتیں متاثر ہوں گی۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات کے باعث غیر ملکی کرنسی کی طلب کھلی مارکیٹ میں بڑھ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے باوجود بندرگاہوں پر پابندیوں اور تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں نے ایران کی آمدنی اور زرمبادلہ کے ذرائع کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے ایرانی انفراسٹرکچر متاثر ہونے کے بعد سٹیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات بھی متاثر ہوئی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے اہم ذریعہ تھیں۔ایران کے مرکزی بینک کے مطابق رواں عرصے میں مہنگائی کی شرح 65.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کرنسی کی مزید گراوٹ معاشی بحران کو مزید گہرا کر سکتی ہے۔