جنوبی وزیرستان میں افغان سرحد پار سے گولہ باری، 5 شہری زخمی

3 گھنٹے قبل
جنوبی وزیرستان میں افغان سرحد پار سے گولہ باری، 5 شہری زخمی

جنوبی وزیرستان( اباسین خبر) افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقے میں پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل 2026 کو افغان طالبان کی جانب سے مارٹر گولہ فائر کیا گیا جو مقامی شہریوں کریم خان اور رحمت اللہ کے گھروں پر جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی مکانات بھی لرز اٹھے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی اس نوعیت کی گولہ باری میں اکثر عام شہری خصوصاً بچے متاثر ہو رہے ہیں جس کے باعث علاقے میں مسلسل عدم تحفظ کی صورتحال برقرار ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔