گڈز ٹرانسپورٹرز کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر احتجاج، کرایوں میں اضافہ کا اعلان

2 گھنٹے قبل
گڈز ٹرانسپورٹرز کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر احتجاج، کرایوں میں اضافہ کا اعلان

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس کے نتیجے میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے فیس اور ٹریفک چالانز ختم کرنے کا اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پالیسیوں کے باعث ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی ٹرک سفر پر لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ایک ماہ میں چار ٹرپس کے باعث تقریباً 8 لاکھ روپے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ موجودہ سبسڈی ناکافی ہے۔صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید دباؤ کا شکار ہے اور کاروبار نقصان میں جا رہا ہے۔