اسلام آباد( اباسین خبر) پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کی تیسویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوئی، جسے طبی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔کانفرنس میں چار سو سے زائد مندوبین، بارہ بین الاقوامی ماہرین اور ملک بھر کے نمایاں تدریسی اداروں سے تعلق رکھنے والے سرجنز نے شرکت کی، جہاں سائنسی مباحثوں، تربیتی نشستوں اور باہمی روابط کے مواقع کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔تقریب کے دوران جدید جمالیاتی طریقہ کار اور نئی طبی ٹیکنالوجی پر خصوصی سیشنز اور عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے، جنہیں شرکا نے نہایت مفید قرار دیا۔حکام کے مطابق سرمایہ کاری اور سہولت کاری کونسل کی معاونت سے صحت کے شعبے میں اصلاحات اور جدید تحقیق کو فروغ ملا ہے، جس کے باعث پاکستان عالمی سطح پر طبی میدان میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔ملکی و غیر ملکی ماہرین نے کانفرنس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی پلیٹ فارمز نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر تعاون کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پلاسٹک سرجنز کی عالمی کانفرنس، طبی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین کی شرکت
2 دن قبل