پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، صنعتی شعبہ شدید دباؤ کا شکار: فباٹی

2 گھنٹے قبل
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، صنعتی شعبہ شدید دباؤ کا شکار: فباٹی

کراچی ( کامرس ڈیسک) فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے صدر شیخ تحسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور ریکارڈ اضافہ صنعتی شعبے کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے ایشیائی ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے اور صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں۔شیخ تحسین کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پانے والے پیٹرولیم لیوی معاہدے نے صنعتی شعبے کو مزید دباؤ میں ڈال دیا ہے، اور مختلف ٹیکسز کے باعث فی لیٹر قیمت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 93 فیصد اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی تقریباً 40 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، جس سے مجموعی لاگت مزید بڑھ گئی ہے۔فباٹی صدر نے خبردار کیا کہ توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ آئندہ دنوں میں مہنگائی کی شرح کو مزید بلند کرے گا، جس کے نتیجے میں فیکٹریاں بند ہونے اور برآمدی سرگرمیوں میں کمی کا خدشہ ہے۔ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بھی کمزور پڑ رہی ہے۔