زرمبادلہ کی صورتحال بہتر، برآمدات اور ترسیلات میں استحکام: گورنر اسٹیٹ بینک

1 گھنٹے قبل
زرمبادلہ کی صورتحال بہتر، برآمدات اور ترسیلات میں استحکام: گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی( کامرس ڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک کی اوسط برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ تین سال قبل زرمبادلہ کے شدید مسائل کا سامنا تھا۔کراچی چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دور میں ایل سیز کے اجرا میں مشکلات تھیں اور تقریباً 11 ہزار ایل سیز کی منظوری زیر التوا تھی، تاہم اب یہ عمل بہتر اور آسان بنایا جا چکا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ چند سال میں زرمبادلہ کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ ہنڈی اور حوالہ کے نظام کی روک تھام اور ترسیلات زر میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے باوجود کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک فیصد کے ہدف کے اندر رہنے کی توقع ہے، تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔گورنر نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی اقدامات کے باعث مجموعی مالی صورتحال میں استحکام پیدا ہوا ہے۔