فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا منصوبہ

فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا منصوبہ

Oct 16, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( سپورٹس ڈیسک)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2026 کے ورلڈ کپ کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ کے لیے مالی معاونت بڑھانے کا منصوبہ پیش کردیا ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت 211 رکن ممالک کو اضافی فنڈز ملنے کا امکان ہے۔فیفا کے مجوزہ منصوبے کے مطابق 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت ہر رکن ملک کو ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کرنے کی تجویز ہے، جو موجودہ فنڈنگ کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ ہوگی۔نئے مالی منصوبے کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں ہونے والی فیفا کانگریس سے مشروط ہے، جبکہ فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں اس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔ فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کی فٹبال، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ سہولتوں کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔فیفا نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع ’’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘‘ منصوبے میں ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ منصوبہ مستقل طور پر ختم کردیا گیا ہے اور اسے کسی بھی شکل میں دوبارہ متعارف نہیں کرایا جائے گا۔جیانی انفینٹینو کے مطابق فیفا کے فنڈز تنظیم کے 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران فی رکن ملک مالی معاونت کو 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹبال ہر جگہ اور سب کے لیے ہے۔فیفا کونسل نے تنظیم کے انتظامی نظام میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ فیفا پیس پرائز کے معاملے کا جائزہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے، جس پر حتمی فیصلہ دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں متوقع ہے۔کونسل نے کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار پر نظرثانی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ امریکی فٹبالر فولارین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد تادیبی قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔ فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر کے اجلاس میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔