اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے لیے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں نمایاں اضافے کی تجویز دی ہے۔دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 27.32 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے، جبکہ یہ اضافہ رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ ترقیاتی بجٹ کے مقابلے میں ہے۔رواں مالی سال کے اصل ترقیاتی بجٹ کے مقابلے میں گلگت بلتستان کے لیے 5.26 فیصد اضافہ بنتا ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 39 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، جبکہ رواں مالی سال کا نظرثانی شدہ ترقیاتی بجٹ 30 ارب 67 کروڑ روپے رہا۔رواں مالی سال کے لیے ابتدائی طور پر 37 ارب 10 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا تھا۔آئندہ مالی سال کے لیے بلاک الاؤکیشن یا سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں 23 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت 4 ارب روپے، نلتر ہائیڈرو پاور 16 میگاواٹ منصوبے کے لیے 2 ارب 20 کروڑ روپے، اور گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر سولر منصوبوں کے لیے 1 ارب 71 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔اسی طرح ریجنل گرڈ کے قیام کے منصوبے کے لیے 1 ارب روپے جبکہ نکاسیٔ آب، سڑکوں، پانی کی فراہمی اور اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں 27 فیصد اضافے کی تجویز
8 گھنٹے قبل