اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے 5 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ختم ہو گیا ہے، جبکہ نئی تاریخ کے طور پر 10 جون زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا 3 جون کو طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اجلاس کی منسوخی کے بعد وفاقی بجٹ کی حتمی تاریخ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم بجٹ 10 جون کو پیش کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔قومی اسمبلی کے ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جا سکتا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔