سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کی عالمی معیار کی فٹ بال اکیڈمی قائم ہوگی

سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کی عالمی معیار کی فٹ بال اکیڈمی قائم ہوگی

Sep 16, 2026|ویب ڈیسک

سیالکوٹ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، پرتگال کے معروف کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا۔معاہدے کے تحت سیالکوٹ میں پرتگالی کلب کے تعاون سے ’’ڈریگن فورس بائی ایف سی پورٹو‘‘ کے نام سے اکیڈمی قائم کی جائے گی، جہاں پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی فٹ بال تربیت دی جائے گی۔اکیڈمی فیفا ورلڈ کپ کی سرکاری گیندیں تیار کرنے والے ادارے فارورڈ اسپورٹس کی سرپرستی میں کام کرے گی۔ ایف سی پورٹو اپنے یورپی تربیتی نظام اور تجربے کو پاکستان منتقل کرتے ہوئے نوجوان فٹ بالرز کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں مستقبل کے چیمپئنز کے طور پر تیار کرنے پر توجہ دے گا۔سیالکوٹ میں اکیڈمی کے قیام کے بعد ایف سی پورٹو کے عالمی تربیتی نیٹ ورک سے وابستہ نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔ایف سی پورٹو اکیڈمی کا قیام پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں نئی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ اس شراکت داری سے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح کی فٹ بال تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔