اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کے لیے ایک نئی ٹیکس اسکیم تیار کر لی ہے، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ اسکیم پر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، جس کے تحت سالانہ 2 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے تاجر اس کے اہل ہوں گے، جبکہ کم از کم 3 سال سے کاروبار کرنے والے افراد بھی اس میں شامل ہو سکیں گے۔اسکیم کے تحت رجسٹریشن آئرس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس سہولت کاروں کے ذریعے کی جا سکے گی، اور شمولیت رضاکارانہ ہوگی۔ تاہم شرکاء کے لیے درست مالی ریکارڈ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل تاجروں کے لیے نسبتاً کم اور آسان ٹیکس شرح متعارف کرانے کی تجویز ہے، جبکہ مقررہ حد سے زیادہ آمدن پر ہی اضافی ٹیکس لاگو ہوگا۔ اس اسکیم میں شامل افراد کو عمومی طور پر آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا، تاہم غیر معمولی مالی سرگرمیوں یا آمدن میں تضاد کی صورت میں آڈٹ کیا جا سکے گا۔تاجروں کو خرید و فروخت اور اخراجات کا سادہ ریکارڈ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بعض چھوٹے کاروباروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انضمام سے استثنا دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔اسکیم کے تحت فعال ٹیکس دہندگان کو ٹیکس فائلرز کی فہرست، کم ودہولڈنگ ٹیکس اور بہتر مالی ساکھ جیسے فوائد حاصل ہوں گے، تاہم قواعد کی خلاف ورزی یا آمدن چھپانے کی صورت میں جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔اسکیم کا بنیادی مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ دینا ہے، جبکہ بینکنگ لین دین کو ظاہر شدہ آمدن اور کاروباری سرگرمیوں سے ہم آہنگ کرنا بھی لازمی ہوگا۔
ایف بی آر کی چھوٹے تاجروں کے لیے نئی ٹیکس اسکیم، بجٹ 2026-27 میں اعلان متوقع
12 گھنٹے قبل