منی پور میں نسلی تشدد بے قابو، بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا

منی پور میں نسلی تشدد بے قابو، بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

منی پور( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست منی پور میں نسلی کشیدگی اور خونریز جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تازہ واقعات میں مزید 5 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاج بھی زور پکڑ رہا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریاست میں حفاظتی انتظامات کی ناکامی کے باعث مسلح گروہوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تین سال گزرنے کے باوجود نسلی تنازعات پر قابو نہیں پایا جاسکا۔بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے نے بھی منی پور میں حکومتی پالیسیوں، مبینہ پراکسی جنگ اور منشیات کی سرپرستی کے خلاف عوامی مظاہروں کی نشاندہی کی ہے۔دوسری جانب تحقیقاتی ادارے ساؤتھ ایشیا ٹیررازم کی رپورٹ کے مطابق مئی 2023 سے اب تک منی پور میں عسکریت پسندی کے 181 واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 393 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے 95 اموات صرف 2026 کے دوران ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق مسلسل تشدد اور بڑھتی ہلاکتوں نے ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔