عبدل السید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن منتخب، ٹرمپ کو دوٹوک پیغام
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار عبدل السید نے مشی گن سے سینیٹ کی نشست جیت کر تاریخ رقم کردی، وہ امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن منتخب ہوگئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق عبدل السید نے ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ انتخابی فتح کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر سیاست دان نہیں بلکہ ایک ڈاکٹر تھے، تاہم لوگوں نے انہیں بتایا تھا کہ سیاست میں پیسے اور روایتی طاقت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔نومنتخب سینیٹر نے کہا کہ مشی گن کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ عوامی جدوجہد تبدیلی لاسکتی ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کے نام اور مذہبی عقیدے کو نشانہ بنایا گیا، لیکن انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے عبدل السید نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پہلے انہیں نام سے پکارنے میں مشکل پیش آتی تھی، لیکن اب آئندہ انہیں صرف ’’سینیٹر‘‘ کہہ کر مخاطب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین نے انہیں شکست دینے کے لیے بھاری رقم خرچ کی، مگر مشی گن کے عوام نے خوف کے بجائے امید کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد ان کی اپنی جدوجہد ہوگی اور وہ امریکا کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔عبدالسید نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان کی کامیابی سے مختلف پس منظر رکھنے والے افراد اور بالخصوص نوجوانوں کو سیاسی عمل میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔