کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحول کا تحفظ انسانی بقا، معاشی ترقی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال اس دن کا موضوع بلوچستان جیسے خشک سالی سے متاثرہ صوبے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں اور ماحول دوست پالیسیوں کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیارت کے عالمی شہرت یافتہ جونیپر جنگلات، قومی پارکس اور نایاب جنگلی حیات صوبے کا قیمتی قدرتی سرمایہ ہیں، جن کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار، پلاسٹک آلودگی اور پانی کی قلت جیسے مسائل ماحولیاتی نظام کے لیے سنگین خطرات ہیں، جو زراعت، معیشت اور صحت عامہ پر منفی اثرات ڈال سکتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ گرین بلوچستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ جونیپر جنگلات کے تحفظ اور بحالی کے لیے خصوصی منصوبے جاری ہیں۔ اس کے ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ اور آبی وسائل کے بہتر استعمال پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز اور سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، تاہم ماحول کا تحفظ عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شہری کم از کم ایک درخت لگائے اور اس کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھے، کیونکہ پانی بلوچستان کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس کا ضیاع روکنا اجتماعی فرض ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت سرسبز، صاف اور ماحول دوست بلوچستان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ماحولیاتی تحفظ انسانی بقا اور مستقبل کی ضمانت ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
11 گھنٹے قبل