دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکتیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

18 گھنٹے قبل
دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکتیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی( اباسین خبر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو دہشتگردی، جھوٹے پروپیگنڈے اور بیرونی سازشوں کے ذریعے نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔انہوں نے جدید جنگی تقاضوں، نئی ٹیکنالوجی، مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسران کو بدلتے حالات کے مطابق خود کو ہم آہنگ رکھنا ہوگا۔فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دہشتگردی کے خلاف عزم کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی حمایت سے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں اور دشمن عناصر پاکستان کے استحکام اور ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی فلاح کو ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی سماجی و معاشی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔