بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

1 گھنٹے قبل
بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد( اباسین خبر) ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین پر ایک بار پھر اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔قومی توانائی ریگولیٹری ادارے میں اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران یہ تجویز پیش کی گئی، جس کے تحت بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔سماعت میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ اپریل کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات توانائی کے شعبے پر بھی مرتب ہوئے، جس سے ایندھن کی فراہمی اور بجلی کی پیداوار کو مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔حکام کے مطابق اس عرصے میں درآمدی مائع قدرتی گیس دستیاب نہیں تھی، تاہم مئی کے دوران معاہدوں اور فوری خریداری کے تحت گیس کی کھیپیں موصول ہوئیں، جس کے بعد گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کو دوبارہ فعال کیا گیا۔ادارے نے مزید بتایا کہ صنعتی صارفین کے سوا دیگر تمام شعبوں میں بجلی کی کھپت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ساتھ ہی آئندہ دو ماہ کے لیے ایندھن کی فراہمی اور بجلی کی پیداوار کے حوالے سے یومیہ بنیادوں پر منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ مئی، جون اور جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے دوران صارفین کو غیر معمولی اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، کیونکہ ایندھن کی دستیابی اور بجلی کی پیداوار کے لیے پیشگی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔