گلگت بلتستان انتخابات کی تیاریاں مکمل، دیامر میں دفعہ 144 نافذ

7 گھنٹے قبل
گلگت بلتستان انتخابات کی تیاریاں مکمل، دیامر میں دفعہ 144 نافذ

گلگت( اباسین خبر)گلگت بلتستان میں انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ضلع دیامر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔انتخابی اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 24 حلقوں میں مجموعی طور پر 396 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار شامل ہیں جبکہ 7 خواتین امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔انتخابات کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 480 کو انتہائی حساس، 350 کو حساس اور 457 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 780 ہے، جن میں مرد ووٹرز 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز 4 لاکھ 54 ہزار 708 شامل ہیں۔سکیورٹی کے لیے صوبائی انتظامیہ نے مکمل تیاریاں کر لی ہیں اور 15 ہزار پولیس اہلکار انتخابی عمل کے دوران فرائض سر انجام دیں گے۔انتخابات کے لیے ہزاروں انتخابی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جن کے لیے مجموعی طور پر 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ 24 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے لیے 18 لاکھ روپے جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لیے 12 لاکھ روپے اعزازیہ رکھا گیا ہے۔اسی طرح 1368 پریزائیڈنگ افسران کے لیے ایک کروڑ 64 لاکھ 16 ہزار، 2450 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کے لیے 2 کروڑ 45 لاکھ اور 2450 پولنگ افسران کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔مزید برآں ایل ڈی سی، یو ڈی سی اور نائب قاصد سمیت 1360 ملازمین کے لیے 20 کروڑ 80 لاکھ روپے اعزازیہ مختص کیا گیا ہے۔دوسری جانب ضلع دیامر میں 60 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور غیر مجاز ڈرونز کی پرواز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکم نامے کے مطابق حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈرون اڑانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی اجازت (این او سی) لازمی قرار دی گئی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے ہدایت پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔