اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے ڈالر ریٹ 290 روپے فی امریکی ڈالر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دستاویز کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کے لیے بھی ڈالر کا تخمینہ 290 روپے فی ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم نظرثانی کے بعد حقیقی شرح مبادلہ 280 روپے فی ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں روپے کی قدر نسبتاً مستحکم رہی ہے، جس کی وجہ سے ایکسچینج ریٹ میں بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ڈالر ریٹ کا تعین بیرونی امداد، قرضوں اور ادائیگیوں کا روپوں میں تخمینہ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے، جبکہ یہ شرح آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ سے منسلک ہوتی ہے۔ذرائع کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام، ترسیلات زر میں اضافہ اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے باعث مالیاتی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں متوقع مستحکم شرح مبادلہ سے درآمدی بل اور مہنگائی کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ بیرونی تجارت، قرضوں اور سرمایہ کاری کے تخمینے بھی اسی بنیاد پر لگائے جائیں گے۔
آئندہ بجٹ 2026-27 میں ڈالر ریٹ 290 روپے فی ڈالر مقرر کرنے کا فیصلہ
11 گھنٹے قبل