ہدایتکار الطاف حسین کی دوسری برسی، فنی خدمات کو خراجِ عقیدت

ہدایتکار الطاف حسین کی دوسری برسی، فنی خدمات کو خراجِ عقیدت

Sep 16, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستانی سینما کے معروف ہدایتکار الطاف حسین کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے، جنہوں نے زندگی کی آخری سانس تک فلمی دنیا سے اپنا تعلق برقرار رکھا۔1944ء میں خان پور میں پیدا ہونے والے الطاف حسین نے فلم ’’پنچھی تے پردیسی‘‘ سے ہدایتکاری کا آغاز کیا اور بعد ازاں پاکستانی فلمی صنعت میں اپنی منفرد شناخت قائم کی۔87 سے زائد فلموں کی ہدایتکاری ان کے طویل اور کامیاب فنی سفر کا ثبوت ہے۔ ان کی فلموں نے کئی نئے فنکاروں کو بھی پہچان دلائی، جبکہ ’’اتھرا پتر‘‘، ’’سالا صاحب‘‘، ’’صاحب جی‘‘، ’’مہندی‘‘، ’’دھی رانی‘‘ اور ’’مرد جینے نہیں دیتے‘‘ سمیت متعدد فلمیں آج بھی شائقین کے ذہنوں میں زندہ ہیں۔فلم ’’صاحب جی‘‘ نے الطاف حسین کو خاص شہرت دلائی، جس میں میڈم نور جہاں کا معروف گیت ’’لڈی اے جمالو پاؤ‘‘ بھی شامل تھا۔الطاف حسین 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، تاہم آخری وقت تک فلم سے وابستہ رہے اور وفات سے چند روز قبل بھی نئی فلم کی شوٹنگ شروع کر دی تھی۔ ان کا فنی سفر پاکستانی سینما کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب قرار دیا جاتا ہے۔