عامر خان پہلی بار سپر ہیرو بننے کی دوڑ میں شامل، فلم پر بات چیت جاری
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار عامر خان سے ہدایت کار آر بالکی کی سپر ہیرو فلم کیلئے ابتدائی سطح پر بات چیت جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق فلم کی پروڈیوسر کی ذمہ داری معروف فلمساز ساجد ناڈیاڈوالا سنبھالیں گے جبکہ اس وقت منصوبے کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے۔ عامر خان اور فلم سازوں کے درمیان گفتگو ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے اداکار کی فلم میں شمولیت کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا۔عامر خان کسی بھی منصوبے کا حصہ بننے سے قبل اس کے اسکرین پلے کو خاص اہمیت دینے کیلئے معروف ہیں، اسی وجہ سے امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ میں مکمل اسکرپٹ تیار کرکے ان کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی حتمی رضامندی سامنے آئے گی۔اگر منصوبہ طے شدہ طریقے سے آگے بڑھتا ہے تو عامر خان پہلی مرتبہ ساجد ناڈیاڈوالا اور آر بالکی کے ساتھ کام کریں گے، جبکہ سپر ہیرو کا کردار بھی ان کے فلمی کیریئر میں ایک نیا اضافہ ہوگا۔عامر خان کی کامیاب فلموں میں 2016ء کی ’’دنگل‘‘ شامل ہے، جسے ان کی آخری بلاک بسٹر فلم قرار دیا جاتا ہے۔ 2017ء میں ’’سیکرٹ سپر اسٹار‘‘ نے بھی نمایاں کاروبار کیا، جبکہ 2025ء میں ریلیز ہونے والی ’’ستارے زمین پر‘‘ بھی باکس آفس پر کامیاب رہی۔فی الحال عامر خان ہدایت کار آشوتوش گوواریکر کی فلم ’’للکارا‘‘ میں مصروف ہیں، جس میں وہ کرکٹ کے پس منظر میں سابق بھارتی کرکٹر لالا امرناتھ کا کردار ادا کریں گے۔