واشنگٹن(کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک بڑھتے ہوئے قرضوں کے دباؤ کی وجہ سے سرمایہ کاری کی صلاحیت کھو رہے ہیں، جس سے ان کی معاشی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بہار اجلاسوں کے موقع پر باروررز پلیٹ فارم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کئی ترقی پذیر معیشتیں شدید قرضہ جاتی بوجھ تلے دبی ہوئی ہیں، جبکہ بلند شرح سود اور عالمی مالیاتی سختی نے ان کے لیے پائیدار ترقی کی راہ مزید مشکل بنا دی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگرچہ اندرونی اصلاحات پر کام جاری ہے، تاہم عالمی مالیاتی نظام میں موجود ساختی رکاوٹیں قرض لینے والے ممالک کے لیے پالیسی سازی کی گنجائش کو محدود کر رہی ہیں۔انہوں نے باروررز پلیٹ فارم کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل قرض لینے والے ممالک کے پاس ایسا کوئی مشترکہ فورم موجود نہیں تھا جہاں وہ اپنے تجربات بانٹ سکیں، خطرات کی نشاندہی کریں اور مشترکہ حکمت عملی ترتیب دے سکیں۔