وفاقی بجٹ 2026-27 کا اجلاس 10 جون کو طلب کرنے کا فیصلہ

12 گھنٹے قبل
وفاقی بجٹ 2026-27 کا اجلاس 10 جون کو طلب کرنے کا فیصلہ

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ اجلاس کو 10 جون کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ایوان صدر کو باقاعدہ سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس کی سمری وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے صدر مملکت کو بھیجی گئی تھی۔ اس سے قبل بجٹ اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی بھی کی گئی تھی۔گزشتہ روز حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والی مشاورتی نشست میں اہم پیش رفت سامنے آئی، جس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حجم میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت پی ایس ڈی پی کا حجم تقریباً 200 ارب روپے بڑھایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے سے قبل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس میں ارکان کو بجٹ پر بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد بجٹ دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے بجٹ اجلاس 5 جون کو بلانے کی منظوری دی تھی، تاہم بعد ازاں تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔