خیبر پختون خوا کے ہر ضلع میں ماہر ڈاکٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ
پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے انہیں سب کے تعاون کی ضرورت ہے اور ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے طبی شعبے سے وابستہ افراد کو دنیا بھر میں عزت و احترام حاصل ہے، تاہم پسماندہ علاقوں کے عوام کو اب بھی ماہر ڈاکٹروں اور خصوصی طبی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دینے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ اب ماہر ڈاکٹروں کو صرف پشاور تک محدود رکھنے کے بجائے پورے صوبے میں تعینات کیا جائے گا۔گورنر خیبر پختون خوا نے بتایا کہ وہ مشیرِ صحت کو ایسا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دیں گے جس کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں ماہر ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے کے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور ملازمت کے تحفظ سمیت ان کے دیگر مسائل حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حلقوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔