سرحد پار دراندازی برداشت نہیں، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ ناممکن، جنرل عامر رضا

سرحد پار دراندازی برداشت نہیں، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ ناممکن، جنرل عامر رضا

Oct 17, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں، سرحد پار سے دراندازی کسی صورت قابل قبول نہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے افسران پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر جوان ملکی دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، لہٰذا نئے افسران کو بھی عملی زندگی میں جذبے، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض انجام دینے ہوں گے۔جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس کو ہدایت کی کہ وہ عملی میدان میں درپیش چیلنجز کا جرات سے سامنا کریں۔ ان کے مطابق دیانت داری، بہادری اور حوصلہ کامیاب قیادت کے بنیادی اوصاف ہیں۔ انہوں نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو بھی باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں۔خطے کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا ہے اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے اس کی سفارتی و ثالثی کوششیں بھی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے اس مسئلے کا حل ضروری ہے۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں ہونے والی تقریب میں 73ویں انٹیگریٹڈ کورس، 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس، 154ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس نے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاسنگ آؤٹ کیا۔