ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی بورڈ کا تھا، کوچ امول مزومدار

ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی بورڈ کا تھا، کوچ امول مزومدار

Sep 14, 2026|ویب ڈیسک

دبئی( سپورٹس ڈیسک) بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار نے ایشیا کپ کی ٹرافی اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کے معاملے پر مؤقف دے دیا۔بھارتی خواتین ٹیم نے اتوار کو دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا۔فائنل کے بعد انعامات کی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم میدان میں نہ آئی اور ڈریسنگ روم کے باہر ہی موجود رہی۔ اس کے باعث تقریب بھارتی ٹیم کے بغیر مکمل ہوئی، جبکہ ٹرافی اے سی سی کے پاس رہ گئی۔بھارتی ہیڈ کوچ امول مزومدار نے کہا کہ ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا اور ٹیم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹرافی نہ لینا کھیل کی روح کے منافی نہیں، ہمارے لیے ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور ہم چیمپئن ہیں۔ٹرافی ملنے کے سوال پر بھارتی کوچ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ ٹرافی کب ملے گی، تاہم ٹیم نے بورڈ کی ہدایت پر اسے وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔امول مزومدار کے مطابق اسٹیڈیم میں موجود بڑے بورڈ پر بھارت کو ایشیا کپ 2026 کا چیمپئن قرار دیا گیا تھا، اس لیے ان کے نزدیک ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر مکمل ہوچکا ہے اور اب ٹیم کی توجہ ایشین گیمز پر ہے۔