کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی میں جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں قرضوں کے بڑھتے ہوئے حجم نے ہر شہری کو اوسطاً چار لاکھ روپے کا مقروض بنا دیا ہے، جبکہ مجموعی قومی قرض تاریخ میں پہلی بار اسی ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے مقامی اور بیرونی قرضوں کا مجموعی حجم ایک سال کے دوران تہتر ہزار چھتیس ارب روپے سے بڑھ کر اناسی ہزار آٹھ سو بیاسی ارب روپے تک جا پہنچا، جس میں سالانہ بنیاد پر نو اعشاریہ چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماہانہ بنیاد پر بھی قرضوں میں اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ملکی مقامی قرض ایک سال میں اکاون ہزار بائیس ارب روپے سے بڑھ کر چھپن ہزار چھ سو اناسی ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جنوری دو ہزار چھبیس میں یہ حجم پچپن ہزار نو سو تراسی ارب روپے تھا۔اسی طرح بیرونی قرضوں کا حجم بھی بائیس ہزار چودہ ارب روپے سے بڑھ کر تئیس ہزار دو سو تین ارب روپے ہو گیا، تاہم جنوری دو ہزار چھبیس کے مقابلے میں اس میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔سٹیٹ بینک کے مطابق مقامی اور بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا حجم چار ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ سرکاری ضمانتوں کی مجموعی مالیت بھی پانچ ہزار ارب روپے کی سطح عبور کر گئی ہے، جو معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا، ہر پاکستانی پر چار لاکھ کا قرض چڑھ گیا
2 دن قبل