معروف اداکار سید کمال کی برسی آج عقیدت سے منائی جا رہی ہے
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف فلمی اداکار اور مزاحیہ فنکار سید کمال کی برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اپنی منفرد اداکاری اور مخصوص مزاحیہ انداز کے باعث انہوں نے کئی دہائیوں تک شائقین کو محظوظ کیا۔سید کمال نے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا اور بعد ازاں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ 27 اپریل 1934ء کو پیدا ہونے والے اداکار نے فلم ’’ٹھنڈی سڑک‘‘ سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور جلد ہی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کرلیا۔ساٹھ اور ستر کی دہائی میں وہ پاکستانی فلموں کے کامیاب اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ فلمی پردے کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن پر بھی کام کیا اور پاکستان ٹیلی وژن سے ’’کمال کا شو‘‘ کے نام سے پروگرام کی میزبانی کی۔سید کمال طویل عرصے تک دل کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد یکم اکتوبر 2009ء کو 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ پاکستانی فن و ثقافت کے لیے ان کی خدمات آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔