بلوچستان میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے عالمی اداروں سے تعاون بڑھانے کا فیصلہ

بلوچستان میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے عالمی اداروں سے تعاون بڑھانے کا فیصلہ

Oct 1, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عالمی خوراک پروگرام پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں غذائی قلت کے خاتمے، غذائی تحفظ بہتر بنانے، بچوں اور خواتین کو مناسب خوراک کی فراہمی اور جاری منصوبوں کو وسعت دینے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں عالمی خوراک پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں، غذائی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے غذائی قلت سے متاثرہ بچوں اور خواتین کیلئے معیاری غذائیت کی فراہمی اور مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں غذائی قلت ایک اہم مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت، عالمی اداروں اور دیگر شراکت داروں کے درمیان مؤثر اشتراک ضروری ہے۔ حکومت غذائی تحفظ بہتر بنانے اور قلتِ غذا کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور عالمی اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو متوازن اور معیاری غذائیت کی فراہمی صحت مند معاشرے کیلئے بنیادی ضرورت ہے۔ غذائی قلت بچوں کی جسمانی نشوونما اور انسانی صحت پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے، اس لیے اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے دیرپا اور مربوط اقدامات ضروری ہیں۔