یوکرین کا روسی سیٹلائٹ نیٹ ورک سے وابستہ افراد پر پابندیوں کا مطالبہ

یوکرین کا روسی سیٹلائٹ نیٹ ورک سے وابستہ افراد پر پابندیوں کا مطالبہ

Oct 1, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین نے امریکا سے روس کے نئے سیٹلائٹ مواصلاتی نظام ’’راسویت‘‘ کی تیاری میں معاونت کرنے والی روسی کمپنیوں اور افراد کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی درخواست کردی۔واشنگٹن میں یوکرینی سفارتخانے کے قائم مقام سفیر ڈینس سینک کے مطابق روس راسویت منصوبے کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے اور اسے 2027ء میں فعال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے فعال ہونے سے روس کو یوکرین میں اہداف کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے اضافی صلاحیت حاصل ہوسکتی ہے، جو ان کے بقول یوکرین کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق راسویت کو ایلون مسک کے سٹارلنک کے نسبتاً محدود روسی متبادل کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ منصوبے کے تحت مارچ میں 16 کم مدار والے سیٹلائٹ خلا میں بھیجے جاچکے ہیں، جبکہ آئندہ برسوں میں ان کی تعداد 900 تک پہنچانے کا ہدف ہے۔یوکرین نے اعلان کیا ہے کہ وہ راسویت منصوبے سے وابستہ اداروں کے خلاف اپنی سطح پر بھی پابندیاں عائد کرے گا اور متعلقہ کمپنیوں اور افراد کی تفصیلات امریکا کے حوالے کرے گا۔