شمالی وزیرستان میں کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ
پشاور( اباسین خبر) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ متعدد مبینہ ٹھکانے اور سرنگیں بھی تباہ کر دی گئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد بھی ملا، جسے بم ناکارہ بنانے والے دستے نے محفوظ طریقے سے تلف کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میر علی بازار کے قریب دہشت گرد عناصر کی جانب سے راشن منتقل کرنے والے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ نیٹ ورک کے خلاف تلاش اور صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی فورسز کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔