تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، مشکلات دور کریں گے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(اباسین خبر) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، کاروباری طبقے کی سہولت اور خدمت دراصل قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکسوں کے ذریعے قومی خزانے میں حصہ ڈالنے کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار بھی فراہم کرتی ہے۔کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر نے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر میرزا خان خلجی اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی قیادت بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر سفری مشکلات سے کاروباری طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے امن و امان کی بہتری اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے سیاسی مذاکرات کے ساتھ عملی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدوں اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث بلوچستان کی کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں، جس کے اثرات صوبائی معیشت پر پڑ رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹیں دور کرنا معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے۔