پاکستانی معیشت پر صارفین کا اعتماد بڑھنے لگا
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستانی معیشت میں اعتماد کی بحالی، صارفین کے بڑھتے اطمینان اور معاشی اشاریوں میں بہتری نے معاشی ترقی کے لیے نئی امید پیدا کردی ہے۔بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستانی معیشت میں بہتری، صارفین کے اعتماد میں اضافے اور استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تائید کردی ہے۔عالمی مارکیٹ ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس کے صارف اعتماد اشاریے کے مطابق پاکستان میں مجموعی صارف اعتماد 0.4 پوائنٹس بڑھ کر 33.6 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔سروے کے مطابق پاکستان کو درست سمت میں آگے بڑھتا ہوا سمجھنے والے افراد کی شرح 24 فیصد ہوگئی، جو اگست 2024 میں 11 فیصد تھی۔ اسی طرح معاشی حالات بہتر ہونے کی توقع رکھنے والوں کی شرح 2 سال قبل 12 فیصد تھی، جو اب تقریباً 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔صارف اعتماد اشاریے کے مطابق روزمرہ گھریلو ضروریات کی خریداری پر اطمینان 3 فیصد اضافے کے بعد 10 فیصد ہوگیا، جبکہ گھر یا گاڑی جیسی بڑی خریداری کے لیے صارفین کا اعتماد بھی 2 فیصد بڑھ کر 7 فیصد ہوگیا۔سروے کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد 15 فیصد ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران مجموعی طور پر مستحکم رہا۔ پاکستان کی معاشی صورتحال، روزگار اور سرمایہ کاری سے متعلق عالمی صارف اعتماد اشاریے میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔