کیمرے والے اسمارٹ چشموں کی درآمد کی مشروط اجازت دے دی گئی
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے کیمرے سے لیس اسمارٹ چشموں کی درآمد کی اجازت دیتے ہوئے اس حوالے سے نئی شرائط عائد کر دی ہیں۔اس مقصد کے لیے حکومت نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022ء میں ترمیم کی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے اس ضمن میں باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔نئے حکم نامے کے مطابق کیمرے والے اسمارٹ چشمے اب مخصوص شرائط پوری کرنے کے بعد درآمد کیے جا سکیں گے، تاہم ان کی درآمد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹائپ منظوری سے مشروط ہوگی۔حکومت نے اسمارٹ چشموں کی درآمد کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا مطابقتی سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا ہے۔حکم نامے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ مذکورہ سرٹیفکیٹ کا اجرا وزارتِ داخلہ کے متعلقہ ڈویژن کی جانب سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ ملنے سے مشروط ہوگا۔