امریکی بینک کے ہزاروں امیر صارفین کا ڈیٹا لیک، ویزا اور ماسٹرکارڈ بھی متاثر
نیویارک( کامرس ڈیسک) ہیکرز نے امریکا کے بڑے بینک جے پی مورگن چیس کے ہزاروں صارفین کا ڈیٹا چوری کرکے آن لائن جاری کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ عالمی ادائیگیوں کی معروف کمپنیوں ویزا اور ماسٹرکارڈ کے بعض صارفین کی معلومات بھی سائبر حملے کی زد میں آگئیں۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’این زیرو این‘ نامی تاوان طلب کرنے والے ہیکرز کے گروپ نے ادائیگی کے لیے دی گئی تقریباً 48 گھنٹے کی مہلت ختم ہونے کے بعد مبینہ طور پر چوری شدہ معلومات انٹرنیٹ پر جاری کر دیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افشا ہونے والے ڈیٹا میں جے پی مورگن چیس کے تقریباً 16 ہزار صارفین کے ای میل پتے، فون نمبرز اور اکاؤنٹ شناختی نمبر شامل ہیں۔ یہ معلومات بظاہر بینک کے خصوصی ریزرو کریڈٹ کارڈ پروگرام سے وابستہ صارفین کی ہیں۔یہ پروگرام انتہائی مالدار افراد کے لیے مخصوص ہے، جن کے زیر انتظام عموماً کم از کم 1 کروڑ ڈالر کے اثاثے ہوتے ہیں۔جے پی مورگن چیس نے تصدیق کی ہے کہ ہیکرز نے اس کے بعض بیرونی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا اور وہاں محفوظ کچھ تشہیری معلومات تک رسائی حاصل کی۔دوسری جانب عالمی ادائیگیوں کے نیٹ ورک ویزا نے بتایا ہے کہ ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں اس کے ایک بیرونی خدمات فراہم کنندہ پر سائبر حملہ ہوا، تاہم کمپنی کے اپنے نظام محفوظ رہے اور کارڈ نمبرز یا ادائیگیوں سے متعلق معلومات تک رسائی کے شواہد نہیں ملے۔ماسٹرکارڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک بیرونی خدمات فراہم کنندہ کے ڈیٹا سے مخصوص مراعاتی پروگرام سے تعلق رکھنے والے محدود تعداد میں صارفین کے ای میل پتے افشا ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ادائیگیوں کا نظام اور صارفین کے کارڈ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیکرز نے مکمل ڈیٹا چوری کیا ہے یا صرف اس کا کچھ حصہ انٹرنیٹ پر جاری کیا ہے۔