پنجاب میں زرعی مشینری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری میں دلچسپی

2 گھنٹے قبل
پنجاب میں زرعی مشینری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری میں دلچسپی

لاہور( اباسین خبر) وزیرِ زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی سے چین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں زرعی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر زراعت نے چینی کمپنیوں کو پنجاب میں زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملک کی زرعی پیداوار میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور گندم، چاول، کپاس، مکئی اور گنے کی بڑی مقدار پیدا کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں زرعی مشینری کے استعمال اور جدید ٹیکنالوجی کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بیج، کھاد، بائیوٹیکنالوجی اور فصلوں کے تحفظ کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر زراعت کے مطابق پنجاب ملک کی دودھ اور گوشت کی بڑی پیداوار بھی فراہم کرتا ہے، جس کی ویلیو ایڈیشن اور برآمد کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔چینی وفد نے پنجاب کے زرعی شعبے میں جدیدیت لانے اور سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔