بلوچستان میں کاروباری اوقاتِ کار میں تبدیلی، دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

2 گھنٹے قبل
بلوچستان میں کاروباری اوقاتِ کار میں تبدیلی، دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان حکومت نے صوبائی دارالحکومت سمیت پورے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نئے فیصلے کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔حکومت کے مطابق یہ اقدام عوامی سہولت، ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سیکیورٹی کے بہتر انتظامات اور توانائی کی بچت کے مقصد سے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو اوقاتِ کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، بیکریز، تندور، دودھ کی دکانیں، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، چارجنگ اسٹیشنز، جمنازیم، اسپورٹس کمپلیکس، آئی ٹی کمپنیز اور کال سینٹرز کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات 9 بجے دکانیں بند کرنے سے چھوٹے تاجروں کے کاروبار پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، خصوصاً گرمیوں میں جب خریداری کا رجحان رات کے اوقات میں زیادہ ہوتا ہے۔