سی سی پی کی پاک عرب فرٹیلائزرز کو پاکستان آکسیجن کے پلانٹ کے حصول کی منظوری

2 گھنٹے قبل
سی سی پی کی پاک عرب فرٹیلائزرز کو پاکستان آکسیجن کے پلانٹ کے حصول کی منظوری

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پاک عرب فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کے مائع کاربن ڈائی آکسائیڈ پلانٹ کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ کمپٹیشن ایکٹ دو ہزار دس کے تحت فیز ون جائزے کے بعد کیا گیا۔ پاک عرب فرٹیلائزرز، جو فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، نے اس منصوبے کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کی تھی۔مسابقتی جائزے کے دوران کمیشن نے قرار دیا کہ یہ لین دین افقی انضمام کی نوعیت رکھتا ہے، تاہم اس سے مارکیٹ میں مسابقتی حالات پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑے گا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے نہ تو مارکیٹ میں داخلے کی نئی رکاوٹیں پیدا ہوں گی اور نہ ہی کسی فریق کی مارکیٹ طاقت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔کمیشن کے مطابق اس انضمام سے غالب حیثیت پیدا ہونے یا مسابقت میں نمایاں کمی کے امکانات موجود نہیں، اسی لیے اسے متعلقہ قوانین کے تحت منظور کیا گیا ہے۔سی سی پی نے کہا ہے کہ وہ بروقت جائزوں کے ذریعے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں منصفانہ مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔