بہتر پالیسیوں اور اصلاحات سے معیشت میں استحکام کی علامت، فچ کی ریٹنگ برقرار

9 گھنٹے قبل
بہتر پالیسیوں اور اصلاحات سے معیشت میں استحکام کی علامت، فچ کی ریٹنگ برقرار

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) مشیرِ وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ بی منفی برقرار رکھنا بہتر ہوتی ہوئی معیشت اور پالیسیوں کے تسلسل کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری اصلاحات اور پائیدار ترقی کے اقدامات ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی قسط ملنے کی توقع ہے۔خرم شہزاد کے مطابق ملک کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو تین اعشاریہ ایک فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ مہنگائی کی شرح تقریباً سات اعشاریہ نو فیصد تک محدود رہ سکتی ہے۔دوسری جانب عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی غیر ملکی کرنسی ڈیفالٹ ریٹنگ بی منفی برقرار ہے جبکہ مستقبل کا منظرنامہ مستحکم ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ استحکام عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے تحت مالیاتی بہتری اور معاشی اقدامات کے باعث ہے۔ فچ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی قسط پاکستان کو دیگر دو طرفہ اور کثیر جہتی مالی تعاون حاصل کرنے میں بھی مدد دے گی۔