بلوچستان میں گڈ گورننس سے تعلیم و صحت کے شعبوں میں غیر حاضری کی شکایات ایک فیصد سے کم

5 گھنٹے قبل
بلوچستان میں گڈ گورننس سے تعلیم و صحت کے شعبوں میں غیر حاضری کی شکایات ایک فیصد سے کم

پشاور( اباسین خبر) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں بہتر مانیٹرنگ اور گڈ گورننس کے نتیجے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اساتذہ و ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات اب ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں غیر حاضری سے متعلق شکایات نہایت کم ہو گئی ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔صوبے کے 36 اضلاع میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران 412 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 3,675 شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں زیادہ تر تعلیمی اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے متعلق تھیں۔وزیر اعلیٰ کے مطابق رواں سال مارچ میں 871 شکایات میں سے صرف 4 شکایات اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری کے حوالے سے تھیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو چکا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر حاضری میں کمی مؤثر اور بروقت انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے، جس سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ اب کھلی کچہریوں میں عوام سروس ڈلیوری سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے سکول اور ہسپتال فعال ہیں اور اساتذہ و ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔