بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن شروع
کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے اور دفتری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری خدمات کی بہتری اور ڈیجیٹل اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد سمریز کو بھی ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کے ابتدائی مرحلے میں 10 محکموں کی سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن جاری ہے۔حکام کے مطابق اب تک سرکاری محکموں میں ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں۔ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری کاموں میں تیزی، فیصلہ سازی میں بہتری اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام سے شفافیت، تیز رفتار امور اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل میں مؤثر تعاون یقینی بناتے ہوئے سرکاری معاملات کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جاسکیں اور حکومتی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔