بلوچستان اسمبلی میں نئے اضلاع اور گیس بحران پر ارکان کا احتجاج

بلوچستان اسمبلی میں نئے اضلاع اور گیس بحران پر ارکان کا احتجاج

Nov 11, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نئے اضلاع، ڈویژن اور انتظامی ہیڈکوارٹرز کے قیام و تبدیلی سمیت صوبے میں گیس کی شدید قلت، لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اہم فیصلوں میں منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے اور عوامی مسائل فوری حل کیے جائیں۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس 50 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ رکن اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے نئے اضلاع اور ڈویژن کے قیام پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پشین کا ہیڈکوارٹر سرانان مقرر کرنا درست فیصلہ تھا، تاہم اس کی تبدیلی کے معاملے پر متعلقہ منتخب نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پشتون، بلوچ، ہزارہ اور دیگر اقوام کا مشترکہ گلدستہ ہے۔ خانوزئی کو ضلع بنانے پر اتفاق کے باوجود تاحال اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ اس پر اسپیکر نے پشین ڈویژن کا ہیڈکوارٹر سرانان سے منتقل کرنے کے معاملے پر کارروائی روکنے کی رولنگ دیتے ہوئے تبدیلی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔رکن اسمبلی اصغر ترین نے نئے اضلاع اور ڈویژن کے قیام سے متعلق وزیراعلیٰ کے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیا، تاہم زور دیا کہ ایسے معاملات میں اسمبلی کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فیصلوں پر اعتراض کرنے والوں کو اس وقت کیوں خیال نہیں آیا جب وہ خود کابینہ کا حصہ تھے۔ زابد ریکی نے بھی مطالبہ کیا کہ اضلاع، ڈویژن اور ہیڈکوارٹرز کے قیام کے فیصلوں میں منتخب نمائندوں کو شریک کیا جائے۔اسپیکر نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو طلب کیا گیا ہے، جہاں ارکان اپنے تحفظات پیش کرسکیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ محض نوٹیفکیشن جاری کرنے سے ضلع قائم نہیں ہوجاتا بلکہ اس کے لیے مالی وسائل اور انتظامی صلاحیت کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پاس پہلے ہی وسائل کی کمی ہے، اس کے باوجود نئے اضلاع بنانے کے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں گیس بحران پر گفتگو کرتے ہوئے ارکان اسمبلی عبدالصمد گورگیج، اصغر خان ترین، صوبائی وزیر نور محمد دومڑ، ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی اور سید ظفر آغا نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی نے گیس کے معاملے پر بلوچستان کو مایوس کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود وفاقی وزیر کوئٹہ نہیں پہنچے۔ ارکان کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے اور اس کے باعث واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر 2 ماہ کے لیے پنجاب کی فیکٹریاں بند کردی جائیں تو بلوچستان میں گیس کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی کے ساتھ بھاری بل بھی شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن گئے ہیں۔ صارفین کو اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں جن کی ادائیگی غریب عوام کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گیس فراہم نہ کرسکے تو کم از کم بلوں میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے گیس وسائل کا اس انداز میں استحصال کیا گیا کہ صوبے کی گیس پیداوار 80 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد رہ گئی۔ ملک میں گیس کی قلت کے ساتھ سرحدوں سے ایل پی جی کی ترسیل بھی اسمگلنگ کے نام پر روک دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدیں کھولے بغیر گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے گیس بحران پر اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں آئندہ ہفتے سوئی گیس حکام بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مؤثر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 13 نومبر 2026 کو سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔