اعظم خان کی طوفانی بیٹنگ، یو اے ای بلز چیمپئن
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت یو اے ای بلز نے ابوظہبی ٹی 10 لیگ 2026 کا فائنل جیت کر مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں یو اے ای بلز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاس لائنز کو 24 رنز سے شکست دی۔ یو اے ای بلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 134 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس میں اعظم خان کی دھواں دار اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے محض 22 گیندوں پر 236 کے غیر معمولی اسٹرائیک ریٹ سے 52 رنز اسکور کیے، جن میں 6 بلند و بالا چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ دیگر بیٹرز میں کپتان کیرون پولارڈ نے 17 گیندوں پر 37 اور آندرے فلیچر نے 23 رنز بنائے، جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان نے صرف 4 گیندوں پر ناقابلِ شکست 14 رنز بنا کر اسکور کو مزید مستحکم کیا۔135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یاس لائنز کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز تک ہی محدود رہی۔ یاس لائنز کی جانب سے ٹام مورز نے 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 48 رنز کی بھرپور مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔واضح رہے کہ یو اے ای بلز نے گروپ مرحلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، لیکن ناک آؤٹ مرحلے میں غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر دکھایا۔