اٹک ریفائنری کی بندش، ملک میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

2 گھنٹے قبل
اٹک ریفائنری کی بندش، ملک میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

اٹک( کامرس ڈیسک) سیکیورٹی اقدامات اور سڑکوں کی بندش کے باعث اٹک ریفائنری لمیٹڈ نے اپنے آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے ہیں جس کے نتیجے میں ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ریفائنری انتظامیہ کے مطابق آئل ٹینکرز کی آمدورفت اچانک بند ہونے سے خام تیل کی ترسیل رک گئی ہے جبکہ تیار شدہ مصنوعات کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث مرکزی کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ، جس کی یومیہ صلاحیت تینتیس ہزار بیرل سے زائد ہے، عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر میں غیر معمولی اضافہ جبکہ خام تیل کی فراہمی میں شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث پیداوار کا عمل روکنا پڑا۔اطلاعات کے مطابق اس بندش کے اثرات جہلم، اٹک اور خیبرپختونخوا کے آئل فیلڈز پر بھی پڑنے کا امکان ہے جہاں پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ ریفائنری ملک کے شمالی حصے کی اہم توانائی ضروریات پوری کرتی ہے جس میں پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ریفائنری انتظامیہ نے متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے آئل ٹینکرز کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ توانائی کے ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔