اسرائیل میں مسجد نذر آتش کرنے کی کوشش، نیتن یاہو پر تنقید
یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے شمالی علاقے میں نامعلوم نقاب پوش افراد نے ایک مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی، جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے واقعے کا ذمہ دار وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کی عرب مخالف مہم کو قرار دیا ہے۔عرب آبادی والے گاؤں دہی کی مسجد کے امام خالد الزعبی کے مطابق 3 نقاب پوش افراد نے مسجد میں داخل ہونے میں ناکامی کے بعد دوسری منزل کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر آتش گیر بوتلیں پھینکیں۔ واقعے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا، تاہم قریبی عمارتوں پر انتقامی نعرے بھی تحریر کیے گئے۔اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں نے حملے کو نفرت انگیز جرم اور یہودی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کی عرب مخالف اشتعال انگیز مہم کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں زمینی کارروائی مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد بے گھر فلسطینی اپنے گھروں کو واپس پہنچنا اور اپنا سامان تلاش کرنا شروع ہوگئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز ٹینکوں کے ہمراہ کارروائی شروع کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کا مقصد فوجیوں کے لیے خطرہ بننے والی سرنگ کو تباہ کرنا ہے۔ اس دوران البریج اور نصیرات پناہ گزین کیمپوں کے قریب علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد فلسطینیوں کو دوبارہ نقل و حرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔